اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)آج 25مارچ کا دن پاکستان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آج کے دن 1992 میں پاکستان کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا تھا۔25مارچ تمام پاکستانیوں اور خاص طور پر کرکٹ اورشائقین کرکٹ کے لیے ایک سنہرا اور یادگار دن مانا جاتا ہے کیونکہ 1992 میں اس دن پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا۔
آج سے 27 سال قبل کپتان عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو ہرا کراب تک کا واحد کرکٹ ورلڈکپ جیتا تھا اور پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیاتھا۔ورلڈکپ 1992صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں بھی خاص حیثیت کا حامل ہے۔عمران خان کی قیادت میں نوجوان ٹیم نے حیران کن پرفارمنس دی، قومی ٹیم میں جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ شائقین کرکٹ کے لیے وہ لمحات آج بھی ناقابل فراموش ہیں۔آج کے دن کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر باقاعدہ ٹرینڈنگ بنائی گئی ہے۔ جہاں کرکٹ ورلڈ کپ، آئی سی سی اور دیگر کی جانب سے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شاندار جیت کو یاد کیا جارہا ہے۔