کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ورلڈ گروپ کے زیر اہتمام لیثررلیگز کرن فاؤنڈیشن لیاری میں ہونے والے ایونٹ میں بلیسنگ اسٹار اکیڈمی نے ڈی ایم سی اسکول کو ٹائی بریکر 5-4سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابر تھا۔ 10منٹ کے ایکسٹرا ٹائم میں بھی میچ کا نتیجہ برامد نہ ہوسکا تاہم ٹائی بریکر پر بلیسینگ اسٹار اکیڈمی کو 5-4کی فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔ 10ویں راؤنڈ کے اختتام پر بلیسنگ اسٹار اکیڈمی اور ڈی ایم سی اسکول کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر پوائنٹس اور گول اوسط پر برابر تھیں ۔ بعدازاں ناک آؤٹ مقابلے کے بعد گروپ چمپئن ٹیم کا فیصلہ ممکن ہوسکا۔ ایونٹ میں 10ٹیموں نے حصہ لیا بلیسنگ اسٹار اکیڈمی کو پہلی، ڈی ایم سی اسکول کو دوسری جبکہ جی بی ایس ایس عزت خان، فوسٹر پبلک اسکول، پرائیڈ زون اکیڈمی، ڈی سی ٹی او کیمپس، ہیڈ وے گرامر اسکول، کرن اسکول ، روز ایجوکیشن سوسائٹی اور سپر اسٹار اکیڈمی بالترتیب تیسری تا دسویں پوزیشن پر رہیں۔ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے بلیسنگ اسٹار اکیڈمی کو گروپ چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور رنر ٹیم ڈی ایم سی اسکول کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور لیثررلیگز صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو وہ تمام تر سہولیات فراہم کرے گی جس سے کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کومعیاری بنانے میں مدد ملے ۔محمود ٹرنک والا نے کرن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کو بھی ایونٹ کے کامیاب انعقادپر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لیثررلیگز کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے پر ان کی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے اقدام کوسراہا۔میچ کے اختتام پر فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں کو ونر اور رنر اپ ٹرافی کے علاوہ شریک ٹیم کے کھلاڑیوںمیں سرٹیفکٹ تقسیم کئے گئے۔