لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ اضافی کھلاڑی انگلینڈ بھیجنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔سلیکشن کمیٹی اور منجمنٹ اگلے ایک دو روز میں ٹیم کے انتخاب کیلئے مشاورت کا آغاز کریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی 23 اپریل کو شیڈول ہے، انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ سےقبل پاکستان ٹیم کو تین کاؤنٹیز کے خلاف بھی میچز کھیلنے ہیں۔آئی سی سی قوانین کے مطابق ورلڈ کپ کے لیئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان 30 اپریل تک کیا جا سکتا ہے جبکہ 22 مئی تک آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظور ی کے بغیر کھلاڑی تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ اضافی کھلاڑی بھیجنے کی تجویز سامنے آئی ہے ، بورڈ نے اجازت دی تو دو اضافی کھلاڑی انگلینڈ بھیجے جا سکتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیئے کپتان سرفراز احمد ، فخر زمان، امام الحق ، حارث سہیل ، بابرا عظم ، محمد رضوان ، شعیب ملک ، فہیم اشرف ، عثمان شنواری ، شاداب خان ، حسن علی، محمد عامر ، عماد وسیم ، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی مضبوط امیدوار ہیں ، نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین ، آصف علی اور عابد علی کے ناموں پر غور ہو رہا ہے ۔