اسلام آباد :(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے 8سے 15جولائی 2019تک برطانیہ میں منعقدہ بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنا منٹ کے لیے حکومتی اور حزب اختلاف کے اراکین پر مشتمل کرکٹ ٹیم کو تشکیل دینے کے لیے ہدایات جاری کر دیں ہیں۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ میں شمولیت کرنے والے8 ممالک کی پارلیمان کے اراکین پر مشتمل کرکٹ ٹیمیں اس ٹو رنا منٹ میں شرکت کریں گی ۔ بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنا منٹ رواں سال منعقدہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ منعقد ہوگا۔ٹورنا منٹ میں بہترین ٹیم کی شر کت کو یقینی بنانے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین پارلیمنٹ کو کرکٹ کی تربیت دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی جانب سے پی سی بی کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین قریشی کو پاکستان کی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کا کنوینرمقرر کیا ہے جنہیں یونیورسٹی اور ضلع کی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ رہا ہے۔پی سی بی کے چیئر مین احسان مانی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمی مدثر نذر کو پاکستانی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے اور وہ پاکستانی ٹیم کو باقاعدہ کرکٹ کی تربیت دیں گے ۔اس ضمن میں 47ارکان قومی اسمبلی کے ٹرائل لیے جائیں گے جن کا 16اپریل 2019سے شالیمار کرکٹ گراونڈاسلام آباد میں آغاز ہو گا اور یہ سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہے گاجہاں نا صرف ان کے ٹرائل لیے جائیں گے بلکہ ساتھ ساتھ ہی ان کو کر کٹ کی تربیت بھی کی جائے گی۔بعدازاں ایک بہترین ٹیم کے انتخاب کے لیے اراکین اپریل کے آخر تک آپس میں دوستانہ میچز بھی کھیلیں گے۔پاکستا ن کی پارلیمانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کسی اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کی کرکٹ ٹیم کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں ۔ علاوہ ازیں پی سی بی نے اراکین کے ابتدائی انتخاب اور ٹریننگ کے لیے اپنے کوچز کی نگرانی میں شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔