لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں ایونٹ کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ورلڈکپ کے 13 ویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کے 353 رنز کا ہدف دیا تاہم کینگروز 50 اوورز میں 316 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے۔ شاندار سنچری پر شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 127 تک پہنچا تو روہت شرما کولٹر نیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
شیکھر دھون نے 53 اور روہت شرما نے 61 گیندوں پر اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، کینگروز کی فیلڈنگ مایوس کن رہی اور بیٹنگ کے دوران روہت شرما کو دو موقعے ملے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں شیکھر دھون اور کپتان ویرات کوہلی نے 93 رنز بنائے تاہم جارح مزاج اوپنر شیکھر دھون نے شاندار سنچری بنائی اور 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے ہاردک پانڈیا نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر پویلین لوٹے۔وکٹ کیپر بیٹسمین دھونی نے بھی جارحانہ انداز اپنا اور 17 رنز بناکر مارکوس اسٹوئینس کا شکار بنے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار اسٹروک کھیلے، ویرات کوہلی 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کھلاڑیوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔کینگروز کی جانب سے مارکوس اسٹوئینس نے 2، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن کولٹر نائل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا۔ پہلی وکٹ پر 61 رنز کی شراکت داری بنانے کے بعد ایران فنچ 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 133 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 84 گیندوں پر 56 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کا اسکور 202 تک پہنچایا تاہم اس موقع پر عثمان خواجہ 42 رنز بناکر بھمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اسٹیون اسمتھ 69 اور میکس ویل 28 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے ایلکس کارے نے شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔کارے 35 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 316 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بھارت کو 36 رنز سے کامیابی مل گئی۔بھارت کی جانب سے بھوویشنر کمار اور بھمرا نے تین تین جبکہ یزویندر چاہال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یہ رواں ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی پہلی ناکامی ہے۔ آسٹریلیا نے میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل لیے ہیں جن میں سے دو میں اسے کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔بھارت نے اپنے دونوں میچز جیت لیے ہیں اور چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ اور دوسرے پر انگلینڈ ہے۔