ٹاونٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ ٹیم ہفتے کی شب ٹاونٹن پہنچی تھی ۔رات کو سابق کپتان اور ساتھی کرکٹر اظہر علی نے پاکستانی کرکٹرز کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا ہوا تھا۔اظہر علی سمرسیٹ کاونٹی سے کھیلتے ہیں اور اتوار کو کینٹ کے خلاف میچ کھیلنے کینٹربری چلے گئےہیں۔کھلاڑیوں نے اظہر علی کی دعوت کا دل کھول کر مزہ لیا۔سمرسیٹ کاونٹی پاکستانی کرکٹرز کے لئے نئی نہیں ہے اس وقت اظہر علی ون ڈے اور فرسٹ کلاس سیزن کھیل رہے ہیں۔اظہر علی سمرسیٹ کو ون ڈے ٹورنامنٹ جتوا چکے ہیں۔وہ کاونٹی چیمپین شپ کا مسلسل دوسرا سیزن کھیل رہے ہیں۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم کاونٹی کے لئے کھیلیں گے۔ماضی میں اس کاونٹی کے لئے یاور سعید،خان محمد،مشتاق احمد،سہیل تنویر بھی کھیل چکے ہیں۔ایان بوتھم ،سرویون رچرڈز اور جوئیل گارنر کی کاونٹی سمرسیٹ کے لئے دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیل چکے ہیں۔ٹائونٹن میں ایشیائی نژاد لوگوں کی تعداد کم ہے61ہزار آبادی والے شہر میں زیادہ تر مقامی رہتے ہیں۔ایشیائیوں میں بھارتی زیادہ تعداد میں رہتے ہیں۔کاؤنٹی گراؤنڈ 1882میں بنا،137 سال پرانے وینیو پر ساڑھے12 ہزارشائقین کی گنجائش ہے، ورلڈکپ 2019 کے یہاں 3 میچز شیڈول ہیں، اب تک یہاں 3 ون ڈے انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔پہلا میچ ورلڈکپ 1983 میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلاگیا، 1999 کے میگا ایونٹ میں بھی اس وینیو پر 2 مقابلوں کا انعقاد ہوا۔یہاں ڈیوڈ گاور، سارو گنگولی اور راہول ڈریوڈ سنچریاں بنا چکے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹاؤنٹن میں پہلی بار ون ڈے میچز کھیلیں گی۔پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے پہلے میچ میں ناکام رہی۔تاہم گرین شرٹس نے حیران کن انداز میں کم بیک کرتے ہوئے ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ کو 14رنز سے زیر کرتے ہوئے مسلسل 11ناکامیوں کے سلسلہ کوبھی ختم کیا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ڈے میچ کا ٹاس 10بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ہونا ہے،مقامی وقت کے مطابق شام 4اور رات 8بجے بھی رم جھم کا امکان ہے۔یوں کم از کم 2بار میچ کے دوران بارش کا خدشہ ہے،اس دوران میدان زیادہ گیلا ہوگیا تو میچ کی امیدوں پر پانی پھر جائیگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مجموعی طور پر ابھی تک 103ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں سے گرین شرٹس ٹیم صرف 32میں سرخرو ہوئی،جبکہ 67میں مات کھائی،ایک مقابلہ ٹائی ہوا ہے۔