کراچی (ریاض احمد) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ کھلاڑی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل خواتین فٹ بالر ابیحہ حیدر کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام، آسٹریلین فٹ بال لیگ آف پاکستان کے صدر سردار طارق محمود، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان قصوری اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری بھی موجود تھے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر فیڈریشن کا کہنا تھا کہ کھلاڑی قوم کاسرمایہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ابیحہ حیدر ایک محنتی اورباصلاحیت کھلاڑی ہے ۔ان کی فرانس میں 27 جون تا یکم جولائی منعقد ہونے والے ورلڈ ریکارڈ پروگرام میں شرکت ہمارے اور پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ورلڈ ریکارڈ پروگرام میں دنیا بھر کے 67 ممالک کی 3500 کے قریب خواتین شرکت کررہی ہیں۔ سید اشفاق حسین شاہ نے کہاکہ وسائل کی کمی کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پرحل کریں۔پاکستان میںفٹبال کی ترقی اور باصلاحیت کھلاڑیوں کوکھیل کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔نیشنل انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب 19 جولائی تا 4 اگست پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام پشاور میں نیشنل چیلنج کپ کھیلا جائے گا۔ صدرفیڈریشن انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے ابیحہ حیدر کے فرانس ورلڈ ریکارڈ پروگرام میں شرکت کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدبھی دیئے۔ی ابیحہ حیدر نے صدر فیڈریشن کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی فراہمی پراظہار تشکر کیا۔ ابیحہ حیدر نے 2010 ء میں بنگلہ دیش سیف گیمز، ساف کپ، 2011ء امریکہ میں اسپورٹس یونائیٹڈ پروگرام، 2014ء میںبحرین میں دوستانہ میچوںاوراسی سال پاکستان میں ساف کپ اور2017ء میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی آسٹریلیں فٹ بال لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں اس کے علاوہ ابیحہ حیدر مارگلہ کلب اسلام آباد، بلوچستان یونائیٹڈ اور پاکستان آرمی کی جانب سے بھی کھیلتی رہی ہیں۔