کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ نے کا مشورہ دے دیا۔بوم بوم آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کےفرنچائز کے دباؤ کی وجہ سے غیر ملکی ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آنا نہیں چاہتے ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کے متبادل موجود ہیں تو سامنے لائیں ، ان کی عمر اتنی نہیں کہ وہ کم بیک نہ کرسکیں۔شاہد آفریدی بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا اپنے ایک پرستار بچے سید حسن سے ملنے اس کی رہائش گاہ نارتھ ناظم آباد پہنچے، آفریدی نے 13سالہ بچے کو گلے لگایا اوراس کا حوصلہ بڑھایا۔میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے سرفراز احمدکو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل فرنچائز کے دباؤ کی وجہ سے نامور کھلاڑی پاکستان نہیں آتے۔شاہد آفریدی نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کی کیمپ میں طلبی پر کہا کہ دونوں کی عمر اتنی زیادہ نہیں کہ وہ کم بیک نہ کرسکیں۔سابق کپتان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے لیے بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کام کرنا ایک چیلنج ہے۔نئے ڈومیسٹک سسٹم کے بارے میں سابق کپتان نے کہا کہ اب جو سسٹم اختیار کر لیا اسے چلنے دیا جائے ، چھ ٹیموں سے کرکٹ کی کوالٹی بہتر ہوگی۔