اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پاکستان کو صرف ٹارگٹ کیا جارہا ہے ،جو ٹیمیں پاکستان آنا ہی نہیں چاہتیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں ، اب ہر کوئی کہہ رہاہے پاکستان محفوظ ملک ہے ، کئی غیر ملکی رہ رہے ہیں ان کو کوئی مسئلہ نہیں ہے ، کھلاڑی ملک کا نام پیدا کرتا ہے وہ اگر کسی ملک نہیں جائے گا تو ملک کا نام بدنام ہو گا،پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے سینئر کھلاڑیوں کو سفیر بنا کر دیگر ممالک میں بھیجنا چاہیے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی دھماکے ہوئے تھے لیکن ٹیسٹ میچ نہیں رکے تھے، پاکستان کو صرف ٹارگٹ کیا گیا تھا آج بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، اب جو پاکستان آنا ہی نہیں چاہتے تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تو ہر کوئی کہہ رہا ہے پاکستان محفوظ ملک ہے، یہاں کئی غیر ملکی رہ رہے ہیں اور کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں ایک واقعہ ہوا تھا لیکن اس کو بہت بڑا ایشو بنا دیا گیا تھا۔ ہمارے ساتھ تو بھارت میں بھی برا رویہ رکھا گیا تاہم ہم نے کبھی وہاں جانے سے انکار نہیں کیا۔ ہم دیگر ممالک میں سخت سے سخت حالات میں بھی کھیلے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک کا نام پیدا کرتا ہے وہ اگر کسی ملک نہیں جائے گا تو ملک کا نام بدنام ہو گا۔ ہم نے تو سری لنکا میں آرمی کی نگرانی میں بھی میچ کھیلا تاہم کبھی کسی بھی ملک میں جانے سے انکار نہیں کیا۔جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے سینئر کھلاڑیوں کو سفیر بنا کر دیگر ممالک میں بھیجنا چاہیے تاکہ وہ دیگر ممالک کو بتا سکیں پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بال ٹھاکرے کی دھمکیوں کے باوجود میں بال ٹھاکرے سے ملا تھا لیکن کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ آج بھی بھارت میں کرکٹ شروع کی جائے تو کچھ نہیں ہو گا صرف دھمکیوں تک ہی معاملہ رہتا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اب سری لنکا کی آمد کے بعد دیگر ممالک کو اعتماد حاصل ہو گا اور دیگر ممالک کی ٹیموں کے لیے راہ ہموار ہو گی۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تو صرف نام کی رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں تو بے روز گار شخص کا خرچہ حکومت اٹھاتی ہے تاہم پاکستان میں ایسا نہیں ہے۔ ہمارے کھلاڑی اگر اداروں کے ساتھ نہیں کھیلیں گے تو کھائیں گے کہاں سے ؟جاوید میانداد نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے کوئی بھی فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں کیونکہ دیگر ممالک اور پاکستان میں بہت فرق ہے۔جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف اعتماد کے ساتھ کھیلیں اور میچ سے قبل بھرپور پریکٹس کریں۔