لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ لاہور سکول سپورٹس کا انعقاد گیم چینجر ثابت ہوگا، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساڑھے تین ہزار سے زائد طلبہ وطالبات مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، یہ بات وزیر کھیل پنجاب، رائے تیمور خان بھٹی نے جمعہ کے روز لاہور سکول سپورٹس2019ء کے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے اپنے بیان میں کہی، وزیر کھیل پنجاب، رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ لاہور سکول سپورٹس2019ء کے مقابلے 4 نومبر سے پنجاب سٹیڈیم میں شروع ہوں گے،مقابلوں میں 80 سے زائد سکولوں کے 3500 بچے شرکت کریں گے ،سپورٹس اور مختلف مقابلہ جات کے 80 ایونٹ منعقد کئے جائیں گے ،لاہور سکول سپورٹس کے ذریعے گراس روٹ لیول پر سپورٹس کے فروغ میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سکول مقابلہ جات سے معاشرے میں سپورٹس کلچر کی پروموشن کے لئے اقدامات کررہی ہے،پنجاب سپورٹس بورڈ پنجاب صوبے کے تمام ڈویژنز میں سکول کی سطح سپورٹس ڈویلپمنٹ پر کام کررہا ہے ،سکول سپورٹس کے مقابلے ہر سال منعقد کئے جائیں گے، سکولوں کی اتنی بڑی تعداد میں لاہور سکول سپورٹس2019ء میں شرکت خوش آئند ہے، نجی شعبہ کو سپورٹس کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، نجی شعبہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم حیثیت رکھتا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب لاہور سکول سپورٹس کے انعقاد کے لئے تمام سہولتیں اور اپنے ماہرین کی خدمات پیش کررہا ہے ، بچوں کو اچھا ماحول فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر کھل کر دکھا سکیں۔ وزیر کھیل پنجاب، رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ لاہور سکول سپورٹس کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے ، سکولوں کے طلبہ و طالبات کے لئے یہ بہت اچھا پلیٹ فارم ہے۔