لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے عمیر بن یوسف کی نصف سنچری کی بدولت وکٹوں کے نقصان پر 267 رنزبنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز ہی بناسکی۔ عماد بٹ نے میچ کے آخری اوور میں محض 4 رنز دے کر قومی ایمرجنگ ٹیم کو 3 رنز سے کو فتح دلادی۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میرپور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی کے درمیان 90 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
عمیر بن یوسف نے 97 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ حیدر علی 43 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ روحیل نذیر اور سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے بعد سیف بدر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر267رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے شیوم، دوبے اورہریتک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔268
رنز کے تعاقب میں بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی 3 وکٹوں کے لیے بھارت کی ایمرجنگ ٹیم نے 179 رنز جوڑے۔ سنویر سنگھ 76 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان راوی شرت 47 اور ارمان جعفر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد محمد حسنین اور سیف بدر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنیبھارتی مڈل آرڈر مکمل طور پرفلاپ ہوگیا اور آخری 6 کھلاڑی اسکور بورڈ پر محض 82 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔
آخری اوور میں بھارت کو جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم عماد بٹ نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیااور حریف ٹیم محض 4 رنز ہی اسکور کرسکی۔قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے محمد حسنین اور سیف بدر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر قومی ایمرجنگ ٹیم نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کیفائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ایونٹ کا فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 21 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔