اسلام آباد (رپورٹ ؛اصغر علی مبارک سے ).وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر افضل جاوید کی قیادت میں ملاقات کی جس میں سپورٹس جرنلسٹوں کی فلاح ، تربیتی ورکشاپس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ ملک میں امن کی واپسی ، کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، مسلح افواج ،پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بے مثال قربانیوں سے ملک میں امن بحال ہوا، قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کھیل،ثقافت اور قومی ورثہ وطنِ عزیز کی روشن پہچان ہیں، صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، وزیر مملکت اطلاعات کا کہنا تھا کہ کھیل ہم آہنگی اور مثبت رویوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، میڈیا اور صحافیوں نے مشکل حالات کے باوجود قلم اور کیمرے سے کھیلوں کو فروغ دیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کی بحالی اور فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں یونین کونسلز کی سطح پر ٹورنامنٹس منعقد ہوئے اور نئے گراؤنڈز تعمیر کیے گئے-راولپنڈی میں کھیلوں کے فروغ کیلئےرہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی کا اہم کردار ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہاکہ انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے تربیتی کورس کے سلیبس میں سپورٹس جرنلزم کو شامل کیا جارہا ہے، سپورٹس جرنلسٹس کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا
ہم نے کھیل ،ثقافت اور فلمی صنعت کی بحالی سے ملکی تشخص کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 60کی دہائی میں پاکستان کی فلمی صنعت کا شمار دنیا کی بڑی فلمی صنعتوں میں ہوتا تھا، بہت جلد کلچرل،فلم پرڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسیوں کا اعلان کرینگے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی نے بہت متاثر کیا، دہشت گردی کے باعث ملک کے مثبت امیج کے لئے زیادہ کام نہیں ہو سکا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نوجوان نسل کو کھیلوں میں شامل کرنا ہو گا۔