بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث سہ ملکی ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 163 رنز سے مسلسل دوسری شکست دے دی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمیم اقبال، شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی بہترین بلے بازی کی بدولت ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہو گیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور انعام الحق نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 71 رنز کی اچھی شراکت قائم کی تاہم انعام الحق 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تمیم اقبال نے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کے مجموعے کو 170 رنز تک پہنچادیا۔
تمیم اقبال 84 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے تاہم شکیب الحسن نے مشفق الرحیم کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے نتیجے میں اسکور کو 227 رنز تک پہنچایا اور 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مشفق الرحیم 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محموداللہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
صابررحمٰن 24 اور محمد سیف الدین 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے 3، فرنانڈو نے 2، داننجیا اور گونارتنے نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 33 ویں اوور میں 157 رنز پر آؤٹ ہو کر زمبابوے کے بعد بنگلہ دیش سے شکست کھاگئی۔
بنگلہ دیشی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔
تھسارا پریرا 29 ، کپتان دنیش چندیمل 28 اور اپل تھرنگا 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کے دیگر بلے باز کوسل پریرا ایک، کوسل مینڈس 19، ڈکویلا 16، گونارتنے 16، وانندو ہسارنگا صفر، دانن جایا 14 اور لکمل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم کے شکیب الحسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مشرفی مرتضیٰ اور روبیل حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 163 رنز سے شکست دی جو رنز کے اعتبار سے ان کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ میزبان ٹیم نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سہ فریقی سیریز میں بونس پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔