میلبرن (سپورٹس لنک رپورٹ)میلبرن میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے روز ٹی وی امپائر علیم ڈار کے فیصلے پر میزبان ٹیم کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے باؤنسر پر نیوزی لینڈ کے بلے باز سینٹنر کے خلاف کیچ کی اپیل کی گئی جسے فیلڈ امپائر کے ناٹ آؤٹ قرار دیئے جانے کے بعد میزبان ٹیم کے کپتان نے تھرڈ امپائر سے ریویو مانگا۔
ٹی وی امپائر علیم ڈار نے متعدد ری پلیز کے بعد فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کیوی بلے باز سینٹنر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا جبکہ ری پلیز میں گیند سینٹنر کے رسٹ بینڈ اور آرم گارڈ کو چھوتی ہوئی گزری تھی۔پاکستانی امپائرعلیم ڈار کے متنازعہ فیصلے پر گراؤنڈ میں موجود آسٹریلوی ٹیم اور کمنٹری باکس میں بیٹھے سابق آسٹریلوی کرکٹرز نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے کہا کہ علیم ڈار نے غلط فیصلہ دیا ہے،انہیں مختلف زاویوں سے دیکھنا چاہیے تھا، جبکہ سابق کر کرکٹر مارک وا نے بھی تھرڈ امپائر کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔ریویو ضائع ہوجانے کے بعد آسٹریلوی کپتان ٹم پین بھی فیلڈ امپائر کے ساتھ بحث کرتے دکھائی دیئے۔