اسلام آباد (سپورٹس لنک رپوٹ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ملک عدنان احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث فٹ بال کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ گذشتہ روز اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں کیونکہ کورونا وائرس کی وباء دنیا بھر میں پھیل چکی ہے اور اس کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل موقع پر حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور میسر سہولیات کا اقدام قابل تعریف ہے۔ ملک عدنان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنی زندگی داؤ پر لگا کر دوسروں کی زندگیاں بھی بچا رہے ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کے علاوہ سکیورٹی فورسز کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانیت کی خدمت جاری رکھنی ہوگی، ہمیں حفاظتی انتظامات کی کمی کی وجہ سے مسائل درپیش ضرور ہوںگے لیکن کورونا وائرس سے گھبرانا نہیں بلکہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔