نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق بھارتی کرکٹر کلدیپ یادو نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کیرئیر کے آغاز میں لیجنڈ کرکٹر کا بہت اہم کردار رہا ہے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق بھارتی بولر کلدیپ یادو نے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کی تعریف کی اور اعتراف کیا کہ ان کے کیرئیر کے آغاز میں وسیم اکرم نے ایک اہم کردار ادا کیا۔سابق فاسٹ بولر اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز کے بولنگ کوچ کلدیپ یادو نے کہا کہ وسیم اکرم نے انہیں کھیل کے ذہنی پہلو کے ساتھ ساتھ دباؤ کی صورتحال سے نمٹنا سکھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم ان سے بولنگ کے حوالے سے تو زیادہ بات چیت نہیں کرتے تھے لیکن انہوں نے مجھے کھیل کو ذہنی طور پر لینے کے حوالے سے تیار کیا، انہوں نے مجھے مختلف حالات کا مختلف طریقوں سے سامنا کرنا سکھایا ہے، وسیم اکرم نے مجھے یہ بھی سکھایا جب کوئی بلے باز آپ پر دباؤ ڈالتا ہے تو آپ کو ایسی صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔کلدیپ یادو نے مزید کہا کہ وسیم اکرم کی حس مزاح بھی اچھی ہے اور ان کے ساتھ وقت گزارنا کافی اچھا رہا۔
کلدیپ یادو نے بتایا کہ میں میچز کے دوران ڈگ آؤٹ میں ان کے ساتھ بیٹھتا اور اس وقت کی صورتحال کے حوالے سے ان سے سوالات کرتا تھا کہ آپ نے اس طرح کی صورتحال میں کیا کیا ہوگا اور وہ ان سوالات پر میرا امتحان لیتے تھے کہ تم اس طرح کی صورتحال میں کیا کرتے۔