پاکستان سپر لیگ، ملتان سلطانز کا آج پشاور زلمی سے جوڑ پڑے گا

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں ملتان کے سلطانز اپنی سلطنت میں فتح کا مشن جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، آج پشاور زلمی کے مدمقابل آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کو ہوم گراؤنڈ پر پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کے باوجود لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ٹیم نے دوسرے مقابلے میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کیا۔

 

 

شان مسعود ابھی تک بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو اچھی فارم میں ہیں، ڈیوڈ ملر، کیرن پولارڈ اور خوشدل شاہ بھی چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ملتان سلطانز کی ٹیم انجرڈ شاہنواز دھانی کی خدمات سے محروم ہوچکی مگر گذشتہ میچ میں صرف 12رنز دے کر 5 شکار کرنے والے احسان اللہ سرپرائز پیکیج ثابت ہوئے ہیں۔

 

 

 

ان کی برق رفتار گیندیں بیٹرز کا حوصلہ آزمائیں گی، عباس آفریدی اور ثمین گل کی میڈیم پیس بولنگ بھی کارآمد ثابت ہو سکتی ہے،عقیل حسین اور اسامہ میر سپن کا جادو جگانے کی کوشش کریں گے، حریف ٹیم پشاور زلمی نے پہلے میچ میں سخت مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔

 

 

کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ٹام کوہلر کیڈ مور نے چھکے چھڑائے، جارح مزاج اوپنر محمد حارث اور مڈل آرڈر بیٹر بھانوکا راجا پکسا پہلے میچ کی ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔صائم ایوب، جمی نیشم اور شکیب الحسن جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں، پشاور زلمی کو اپنے باؤلنگ پلان پر ازسر نو غور کرنا ہو گا، جمی نیشم بطور باؤلر بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، پیسرز وہاب ریاض، سلمان ارشاد اور خرم شہزاد کو لائن و لینتھ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

 

 

پہلے میچ میں تجربہ کار سپنر شکیب الحسن کا ساتھ دینے کیلئے سفیان مقیم کا انتخاب کیا گیا تھا، نوجوان باؤلر کو باہر بٹھا کر کسی دوسرے آپشن پر غور کیا جاسکتا ہے۔گذشتہ 4 باہمی مقابلوں میں ملتان سلطانز نے برتری ثابت کی ہے، پشاور زلمی نے حریف کیخلاف فروری 2021 کے بعد کوئی فتح نہیں حاصل کی۔

error: Content is protected !!