مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنگ بیٹسمین شان مسعود نے انگلینڈ کیخلاف مانچسٹر ٹیسٹ میں سنچری داغ دی اور وہ اکیسویں صدی میں انگلش سرزمین پر سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔ساتھ ہی وہ مسلسل تین اننگز میں سنچریاں کرنے والے چھٹے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی شان مسعود بھرپور پر اعتماد دکھائی دیے اور انگلش بولنگ لائن کے سامنے ڈٹے رہے۔
شان مسعود نے اپنی سنچری 251 گیندوں پر مکمل کی۔ شان مسعود انگلینڈ میں سنچری اسکور کرنے والے موجودہ صدی کے پہلے پاکستانی اوپنر ہیں، ان سے قبل انگلینڈ میں سنچری کرنے والے آخری پاکستانی اوپنر سعید انور تھےانہوں نے نے 1996 میں اوول ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔یہ شان مسعود کی مسلسل تیسری اننگز میں سنچری تھی جس کے ساتھ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے چھٹے بیٹسمین بن گئے ۔شان سے قبل ظہیر عباس، مدثر نذر، محمد یوسف، یونس خان اور مصباح الحق بھی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنگ بیٹسمین شان مسعود انگلینڈ کی سرزمین پر کسی بھی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری کرنے والے پانچ سال میں پہلے اوپنر ہیں۔ ان سے قبل آسٹریلیا کے کرس راجرز نے 2015 میں پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔