کراچی ( سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ گیمز ایسوسی ایشن نے صوبے میں سندھ گیمز روواں سال اکتوبر میں منعقد کروانے کا اعلان کردیا ہے، گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کراچی میں جبکہ اختتامی تقریب لاڑکانہ میں ہوگی، یہ فیصلہ سندھ گیمز ایسوسی ایشن کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کی صدارت سندھ گیمز ایسوسی ایشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے کی
اجلاس کے بعد سندھ گیمز ایسوسی ایشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے میڈیا کو بتایاکہ اجلاس میں سندھ گیمز ایسوسی ایشن نے سندھ گیمز روواں سال اکتوبر میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیاہےگیمز میں مردوں کے 25 اور خواتین کے 20 کھیلوں کے مقابلے صوبے کے چھ بڑے بڑے شہروں میں منعقد ہونگے جن میں کراچی، لاڑکانہ، بے نظیر آباد، میرپورخاص، سکھر اور حیدرآباد شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں پانچ پانچ کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونگے،
مدثر آرائیں نے بتایاکہ گذشتہ سندھ گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیش ایوارڈ تقسیم کے لئے تقریب منعقد کروانے کی بھی منصوبہ بندی بنائی گئی ہے اور پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی اپنی اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکیں گے جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ گیمز کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس آئندہ ہفتے کراچی منعقد ہوگا جس میں سندھ گیمز ڈویژنل ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکرٹریز کو مدعو کیا گیا ہے