لاہور،دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انہیں کرکٹ کے لیے دی گئیں خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے کریئر میں 88ٹیسٹ میچز کھیلے
3ہزار 807 رنز بنائےاور 362 وکٹیں لیں۔پی سی بی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 175 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے عمران خان نے کرکٹ کے اس فارمیٹ میں 3 ہزار 709 رنز بنائے اور 182 وکٹیں لیں۔پاکستان کو عالمی کپ جتوانے والے عمران خان ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ عمران خان پاکستان کے لیجنڈ، اب تک کے سب سے بہترین آل راؤنڈر اور تمام فاسٹ بولرز کے لیے متاثر کن شخصیت ہیں۔اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے جاری پیغام میں یہ کہا گیا کہ ’1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان کو سالگرہ مبارک۔