کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈسٹرکٹ سینٹرل ہاکی ایسوسی ایشن کی ٹیم ڈسٹرکٹ سائوتھ کو 3-2 سے شکست دیکر کراچی چیمپئین بن گئی ، فائنل میں چیمپئن ٹیم کے کپتان طحہ رضا کی ہیٹ ٹرک اور بابر سعادات کے عمدہ کھیل نے فتح میں اہم کردار ادا کیا ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رائٹ ان سید محمد سعد علی ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
شیروانی موٹرز کے سی ای او شجاعت شیروانی نے بحیثیت مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کراچی سینٹر کا فائنل دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا میچ کے چھٹے منٹ میں ہی سائوتھ کی ٹیم نے عماذ صدیقی کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی جسے فاتح ٹیم کے کپتان طحہ رضا نے 28 ویں منٹ میں گیند کو گول پوسٹ کی زینت بناکر ختم کردیا ، چار منٹ بعد ہی 32 ویں منٹ میں عماذ صدیقی نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 کی سبقت دلادی جو میچ کے تیسرے کوارٹر تک برقرار رہی لیکن آخری کوارٹر میں فاتح ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا کپتان طحہ رضا نے میچ کے 52ویں اور 55ویں منٹ میں لگاتار دو گول بناکر نہ صرف اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار کیا ۔ چیمپئین ٹیم کے دفاعی کھلاڑی بابر سعادات نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے ملیر کو 2-1 سے زیر کیا ، فاتح ٹیم کے عثمان عاصم اور شاہ زیب نے ایک ، ایک جبکہ شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول محسن جاوید نے اسکور کیا۔ اختتام پر مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا ، شجاعت شیروانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فائنل ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جیتا لیکن دل ڈسٹرکٹ سائوتھ کی ٹیم نے جیت لیا ، میچ بہت ہی دلچسپ اور سنسنی خیز تھا آخر تک ایسا لگا رہا تھا کہ مقابلہ برابر ہوجائیگا، لیکن سینٹرل کے کھکاڑیوں نے عمدہ دفاع کیا اور کامیابی حاصل کی دوسری جانب پینالٹی کارنر پر چیمپئین ٹیم کے بابر سعادات کے تیز ترین ڈیش نے اولمپئین اصلاح الدین کی یاد دلادی اصلاح بھی ایسا ہی تیز ڈیش کیا کرتے تھے
انہوں نے دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل پر مبارکباد پیش کی ۔ اولمپئین اصلاح الدین نے بھی بنیادی ہاکی کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کو لازم قرار دیا ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے ، سید محمد سعد علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان میچوں میں فہد علی خان ، ندیم سعید ، کامران اطہر ، شاہد پرویز اور فرحان نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔ اختتامی تقریب میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئین سمیر حسین ، مبشر مختار ، مسرور جاوید ، محمد علی خان سینیئر ، محمد علی خان جونیئر ، عظمت پاشا ، تسنیم عثمانی ، اعظم خان ، ارشد خان ،لطافت حسین شاہ ، محمد علی جعفری ، محسن علی خان ، صغیر حسین ، معصوم علی ، اسد قریشی ، ندیم سعید اور دیگر بھی موجود تھے ۔