راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اٹھائیسویں میچ میں سدرن پنجاب نے صہیب مقصود اور خوشدل شاہ کی 121 رنز کی شراکت کی بدولت سندھ کو 70رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کی ٹیم 192 رنز کے تعاقب میں 16.4 اوورز میں 121 رنز پر ہمت ہارگئی۔ سندھ کےصرف 4 بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ اوپنر خرم منظور 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونےوالے دیگر 3 بیٹسمین اعظم خان، سعود شکیل اور سہیل خان تھے، تینوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 14، 13 اور10 رنزبنائے۔ سدرن پنجاب کے اسپنر زاہد محمود اور فاسٹ باؤلر محمد الیاس نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان شان مسعود سمیت سدرن پنجاب کے ابتدائی 3 بلے باز محض 8 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ایسے میں صہیب مقصود اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا شکار سدرن پنجاب کو ایک مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔
دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم کی۔ صہیب مقصود نے 41 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 67 جبکہ خوشدل شاہ نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔سندھ کے دانش عزیز نے 3 اور سہیل خان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
صہیب مقصود کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اسکور کارڈ:
سدرن پنجاب: بیس اوورز میں 6/191؛ صہیب مقصود 67 (41)، خوشدل شاہ 53 (32)
دانش عزیز 3/32، سہیل خان 2/16
سندھ: 16.4 اوورز میں10/121، خرم منظور 49 (35)، اعظم خان 14 (13)
زاہد محمود 3/20، محمد الیاس 3/25