راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے 27ویں میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے حیدر علی کے 86 رنز کی بدولت بلوچستان کو 39 رنز سے ہرادیا۔ ایونٹ میں ساتویں کامیابی کے ساتھ ناردرن نے 14 پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں 200 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز ہی بناسکی۔ امام الحق 35 اور اویس ضیاء 34 رنز بناکرنمایاں رہے۔دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیاتاہم دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹتے ہی بلوچستان کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا۔حارث سہیل 28، بسم اللہ خان صفر، عبدالواحد 12، عماد بٹ 8، اکبر الرحمٰن 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ناردرن کے شاداب خان اور محمد اسماعیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نوجوان حیدر علی اور علی عمران نےدفاعی چیمپئن کو 92 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے۔ حیدر علی نے 50 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے۔علی عمران 22 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔آلراؤنڈر شاداب خان کے 27 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ عماد بٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں شاندار 86 رنز کی اننگز کھیلنے پر حیدر علی کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔نوجوان بیٹسمین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہیں، انجری کے بعد ابتدائی طور پر اعتماد بحال کرنے پر کچھ وقت لگا مگر آج کریز پر کچھ وقت گزارنے کے بعد ردھم مل گیا ، جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
اسکور کارڈ:
بلوچستان:
بیس اوورز میں 6/199؛ حیدر علی 86 (50)، شاداب خان 42* (27)
عماد بٹ 2/29، حارث سہیل 1/16
ناردرن:
بیس اوورز میں 8/160؛ امام الحق 35(21)،اویس ضیاء 34 (27)
شاداب خان 2/13، محمد اسماعیل 2/32