اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام ذہنی نفسیاتی صحت اور تندرستی سے آگاہی کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کل جمعرات کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے جناح ہال میں ہوگا، ایونٹ کوآرڈینیٹر قرت العین نے بتایاکہ سیمینار کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور سیمینار میں ملک بھر سے 120 سے زائد مرد اور خواتین کو مدعو کیا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی ہدایات پر منعقد کیا جارہاہے انہوں نے کہا کہ ذہنی، نفسیاتی صحت اور تندرستی سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے جو مجموعی صحت اور تندرستی کو فروغ دیتے ہیں او زندگی میں توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ قرت العین نے بتایاکہ سیمینار میں مختلف لیکچرارز ذہنی صحت اور بہبود کے عنوانات پر لیکچرز دیں گے، جن میں نفسیاتی فرسٹ ایڈ (تناؤ، اضطراب، افسردگی)، مقابلہ کی حکمت عملی اور کھیلوں میں ذہنی صحت، زندگی میں ہنر کا حاصل کرنا، نفسیاتی قوت اور محرک، ڈوپنگ کی نفسیاتی اور دماغی صحت سے متعلق چیلنجز (جارحیت پر قابو پانے کا طریقہ) شامل ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقیسم کی جائیں گی