بہاولپور(سپورٹس لنک رپورٹ)بہاولپور ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس جناب سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کی چیئرمن شپ میں منعقد ہوا جس میں محمد امین عباسی, بلال مصطفی, روبینہ خان، محمد اقبال، محمد نعمان، شیخ وقاص رحیم، شاہد رفیق، محمد وقاص، شہزاد قمر، محمد سجاد، فاطمہ خان، آسیہ بصرہ نے شرکت کی.
تلاوت کلام پاک کے بعد صدر پاکستان فیڈریشن آف بیس بال جناب سید فخر علی شاہ نے اجلاس کے ایجنڈے سے ایوان کو آگاہ کیا جبکہ کاروائی کے آغاز میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سابق صدر اور پاکستان میں بیس بال کے بانی سید خاور شاہ (مرحوم) کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بنیادی طور پر اجلاس کا مقصد بہاولپور میں ڈویژنل باڈی کا الیکشن تھا جس میں محمد امین عباسی صدر، بلال مصطفیٰ جنرل سیکرٹری اور محمد نعمان فنانس سیکرٹری منتخب ہوئےبعد ازاں ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری بلال مصطفیٰ نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے گزشتہ سالوں میں کھیلے جانے والے مختلف بیس بال مقابلوں میں بہاولپور کی ٹیموں کی شرکت اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔
ہائوس نے بہاولپور میں سید خاور شاہ بیس بال اکیڈمی شروع کرنے کے لئے فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ پاکستان میں بیس بال کے فروغ کے لئے سید فخر علی شاہ کی گزشتہ دو برسوں کی پیش کردہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
آخر میں ڈویژنل بیس بال ایسوسی ایشن بہاول پور کی طرف سے جناب سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن آف بیس بال اور دیگر مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں-