ڈھاکہ (سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکا کی بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہو گئی، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 200 رنز بنا کر مجموعی طور پر 312 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، روشن سلوا نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، روشن سلوا 58 اور سرنگا لکمل 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مستفیض الرحمان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 110 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی، بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی آئی لینڈرز کے باؤلرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، مہدی حسن میراز 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سرنگا لکمل اور دانن جایا نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ جمعہ کو ڈھاکہ میں جاری آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 56 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو لٹن داس 24 اور مہدی حسن میراز 5 رنز پر کھیل رہے تھے، لکمل نے حریف بلے بازوں کو سیٹ ہونے کا موقع ہی نہ دیا، انہوں نے لٹن داس کو آؤٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، لٹن داس 25 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان محموداﷲ بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور 17 رنز بنانے کے بعد دانن جایا کی گیند کا نشانہ بنے
اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی مہدی حسن کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، صابر رحمان اور مستفیض الرحمان صفر، عبدالرزاق اور تیجل اسلام ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لکمل اور دانن جایا نے 3، 3 اور پریرا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں سری لنکا نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 200 رنز بنا کر مجموعی طور پر 312 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، روشن سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، کرونارتنے 32، کوسل مینڈس 7، دھانن جایا ڈی سلوا 28، گونا تھلیکا 17 کپتان چندیمل 30، نیروشن ڈکویلا 10، تھسارا پریرا 7 اور دانن جایا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، روشن سلوا 58 اور سرنگا لکمل 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مستفیض الرحمان نے3 جبکہ مہدی حسن میراز اور تیجل اسلام نے 2، 2 عبدالرزاق نے ایک وکٹ لی۔