پشاور(سپورٹس رپورٹر) یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے طالبعلم سکواش کے بین الاقوامی کھلاڑی خوشحال ریاض خان امریکہ کے دورہ سے وطن واپس پہنچ گئے انہوں نے امریکہ میں سکواش کے عالمی مقابلہ یوایس جونیئر سکواش اوپن چیمپیئن شپ میںانڈر19 کیٹگری میں شرکت کی جس میں دنیا بھر سے 128کھلاڑیوں نے حصہ لیا، خوشحال نے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے تین رائونڈز میں ناقابل تسخیر رہ کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ ٹین پلیئرز میں جگہ بنائی ،
وطن واپسی پر خوشحال نے اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں سکواش کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کی ۔خوشحال متعدد بار یوایس اوپن، برٹش اوپن، کینیڈین اوپن، جاپان اوپن، قطر اوپن اور ملائیشین اوپن سمیت مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل سکواش مقابلوں میں پاکستان اور یو ای ٹی کی نمائندگی کرچکے ہیںجبکہ سکواش کی انڈر 19کیٹگری کی نیشنل رینکنگ میں خوشحال پاکستان نمبر2ہیں۔جمعرات کے روز یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کی سپورٹس سوسائٹی کے زیراہتمام یونیورسٹی کی سالانہ انٹرڈپارٹمنٹل گیمز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی
اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار حسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خوشحال ریاض خان کو ٹرافی دی، خوشحال ریاض خان نے یوای ٹی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار حسین، سینئر ڈین وچیئرمین سپورٹس کمیٹی ڈاکٹر سحر نوراور ڈائریکٹر سپورٹس محمدعلی کا شکریہ اداء کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قابل قدر تعاون اور حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں وہ عالمی اور قومی مقابلوں میں ملک اور یو ای ٹی کی نمائندگی کررہے ہیں، انہوں نے اپنے کوچ سا بق ورلڈ نمبر10امجد خان کا بھی شکریہ اداء کیا جو امریکہ کے دورہ میں ان کے ہمراہ تھے۔