تہران(سپورٹس لنک رپورٹ)ریسلنگ کی عالمی تنظیم نے ایرانی ریسلر پر اپنے مخالف سے جان بوجھ کر میچ ہارنے اور اگلے مرحلے میں اسرائیلی ریسلر کا سامنا کرنے سے اجتناب کرنے پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
اس فیصلے کا اعلان یونائیڈیڈ ورلڈ ریسلنگ ڈسپلنری چیمبر نے جمعے کو کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی ریسلر علی رضا کریمی گذشتہ سال پولینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ انڈر 23 ریسلنگ مقابلوں میں اپنے روسی مخالف کے خلاف تین دو کی برتری کے ساتھ جیت رہے تھے جب ان کے کوچ کو احساس ہوا کہ اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ اسرائیل کے ریسلر کے ساتھ ہو گا۔
اس پر علی کریمی کے کوچ نے ان کو بار بار میچ ہارنے کو بولا جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی تھی۔
میچ کے بعد علی رضا کریمی نے اپنے انسٹا گرام پیج پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ رات کے وقت پیدل چلتے جا رہے ہیں اور پس منظر میں چلنے والے گانے کے بول کہہ رہے کہ ‘خاموشی ہی آخری چارہ ہے۔’
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر #YouMustLose اور # باید_ببازی کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے جس میں لوگوں نے علی رضا کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا اور ان کے کوچ کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ساتھ ساتھ کھیل کو سیاست سے منسلک کرنے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایران کی ریسلنگ فیڈریشن نے کہا ہے کہ وہ یونائیڈیڈ ورلڈ ریسلنگ ڈسپلنری چیمبر کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کو چیلنج کرے گی۔
یونائیڈیڈ ورلڈ ریسلنگ ڈسپلنری چیمبر کا کہنا ہے کہ علی کریمی اپنے کوچ کے کہنے پر جان بوجھ کر میچ ہارے۔
تنظیم کے مطابق ایرانی ریسلر اور کوچ ریسلنگ کے بین الاقوامی قوانین اور یونائیڈیڈ ورلڈ ریسلنگ ڈسپلنری قواعد کی براہ راست خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور ماضی میں بھی ایرانی کھلاڑیوں کو اسرائیل کے خلاف کھیلنے سے منع کیا جاتا رہا ہے۔