اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ)پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے حسن علی، محمد نواز اور محمد اصغر منظر عام پر آئے، دوسرے ایڈیشن کی دریافت شاداب خان، فخر زمان اور رومان رئیس بنے، اب تیسرے ایڈیشن میں بھی نوجوان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کو تیار ہیں۔
پی ایس ایل کی ٹیموں میں ایمرجنگ پلیئرز بھی شامل ہیں اور ٹیلنٹ ہنٹ کے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں انڈر 19 کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں، ان کے ساتھ ٹیلنٹ ہنٹ سے سامنے آنے والے کشمیری نوجوان سلمان ارشاد بھی اپنا ہنر دکھانے کیلئے بے تاب ہیں جبکہ سہیل اختر بھی اونچے اونچے شاٹس لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں انڈر 19 کھلاڑی روحیل نذیر ہیں جبکہ بیٹسمین صاحبزادہ فرحان اور وکٹ کیپر محمد حسن بھی کچھ کر دکھانے کی جستجو میں ہیں۔
کراچی کنگز میں ٹیلنٹ ہنٹ سے شامل ہوئے مشتاق کلہوڑو، محمد طٰحہ اور حسن محسن جبکہ نئی ٹیم ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں انڈر 19 کے کرکٹر عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
پشاور زلمی نے بھی خوشدل شاہ، ابتسام شیخ اور تیمور سلطان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بلوچستان کے کرکٹر محمد جنید اور اعظم خان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔