دبئی ( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگا رنگ میلہ دبئی میں سج چکا ہے جہاں سنسنی خیز میچ دیکھنے کو مل رہے ہیں لیکن پاکستانیوں کو سب سے زیادہ اس وقت کا انتظار ہے جب یہ ٹورنامنٹ آخری مراحل میں ہو گا اور ٹیمیں پاکستان کے میدانوں پر کھیلنے آئیں گی. گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوا تھا تو ڈیرین سیمی سمیت کئی نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاک سرزمین پراپنی پرفارمنس کے جوہر دکھائے.
اس مرتبہ پاکستان میں تین میچ کھیلیں جائیں گے جن میں سے 2 پلے آف میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ فائنل میچ کراچی میں کھیلا جائے گا. پاکستانیوں کے ذہن میں ایک ہی سوال گردش کر رہا ہے کہ جو ٹیمیں پلے آف میچز کیلئے کوالیفائی کریں گی کیا ان میں شامل غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے؟ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ تمام ٹیمیں اپنے اپنے طور پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو راضی کرنے میں مصروف ہیں اور موجودہ صورتحال کے مطابق کراچی کنگز، ملتان سلطانز کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے واضح امکانات دکھائی دیتے ہیں پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل دو اہم ترین غیر ملکی کھلاڑیوں ٹیمل ملز اور کولن انگرام نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اگر کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر گئی تو وہ پاکستان کی سرزمین پر کرکٹ میچ کھیلنے جائیں گے۔