گڑھی بلوچ میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا امکان پیدا ہوگیا،
سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی ٹیم کا دورہ
پشاور… پشاور کے علاقہ گڑھی بلوچ میں واقع پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کی زمین پر سپورٹس کمپلیکس بننے کا امکان ایک مرتبہ پھر پیدا ہوگیا ہے اس سپورٹس کمپلیکس کیلئے 80 کنال زمین مختص کی گئی تھی جو کہ سال 2020 میں ہوئی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر اس پر کام روک دیا گیا تھا
پشاور شہر سے باہر بڈھنی پل چارسدہ روڈ کے قریب واقع اس زمین پر پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ نے شہر کی استعمال شدہ پانی کی ری سائیکلنگ کیلئے جگہ بنائی تھی
اس منصوبے پر کروڑوں روپے 1990 میں لگائے گئے تھے لیکن یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا سال 2020 میں ڈی ایس او پشاور انور کمال برکی نے اس زمین پر سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا تھا
اور بعد ازاں اس زمین میں سے 80 کنال کی زمین صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے نام کردی گئی تھی لیکن پھر اس منصوبے کو کھڈے لائن لگا دیا گیا اور اس کیلئے کوئی فنڈز مختص نہیں ہوا.کم و بیش ڈھائی سال بعد نئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد محمود نے گڑھی بلوچ میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا عندیہ ظاہر کیا ہے
اسی باعث سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی ٹیم جس کی سربراہی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضا کررہے تھے نے گذشتہ دنوں گڑھی بلوچ کی جگہ کا دورہ کیا اور پٹواری و تحصیلدار کی مدد سے ڈی مارکیشن بھی کردی گئی چارسدہ روڈ پشاور پر اس سپورٹس کمپلیکس کیلئے علیحدہ رقم مختص کی جائیگی
اور امکان ہے کہ امسال نئے منصوبوں میں اسے بھی شامل کیا جائیگا جس کے بعد یہاں پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائیگا. جس سے نہ صرف رنگ روڈ پشاور بلکہ چارسدہ روڈ کے مکینوں کو ایک نیا سپورٹس کمپلیکس کھیلوں کیلئے میسر آسکے گا.