پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی
دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل شامل
ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم جمعرات کی شب بنگلہ دیش روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی یہ میچز 25 اکتوبر سے10 نومبر تک چتوگرام اور ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے دورے کی تیاری چھ روزہ کیمپ میں کی ۔بارش کی وجہ سے یہ ٹریننگ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے باب وولمر انڈور سکول میں رہی۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں اسوقت آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نمبر نواں ہے۔
آئی سی سی چیمپئن شپ میں پاکستان اسوقت بارہ میچوں میں بارہ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس نے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بنگلہ دیش نے ابتک نو میچوں میں صرف ایک جیتا ہے ایک ٹائی ہوا ہے تین ہارے ہیں اور چار بارش کی نذر ہوئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم بنگلہ دیش میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہے ہماری ٹریننگ خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ جس طرح ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی دکھائی تھی اسی طرح بنگلہ دیش میں بھی دکھائیں۔
عالیہ ریاض کہتی ہیں کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوگی۔ہمیں اس کی صلاحیت کا اندازہ ہے۔ہماری کوشش ہوگی کہ وہاں پہنچ کر جلد سے جلد خود کو وہاں کی وکٹوں سے ہم آہنگ کرسکیں تاکہ اپنی بہترین کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف۔
ناہیدہ خان ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر ) رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) ۔
دورے کا شیڈول اس طرح ہے۔
25 اکتوبر۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔زیڈ اے سی ایس۔ چتوگرام ۔ میچ کاآغاز ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
27 اکتوبر۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چتوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
29 اکتوبر۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چتوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام ۔ مقامی وقت۔
4 نومبر۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس میرپور میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔
7 نومبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے ۔ مقامی وقت۔
10 نومبر۔تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس ۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔