آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 22 ویں میچ میں
افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔
چنئی کے میدان میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 283 رنز کا ہدف اننگز کے 48 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کے بولرز کی کارکردگی ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہی، پاکستان کی جانب سے شاہین اور حسن علی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 65، ابراھیم نے 87، کپتان حمشت اللہ نے 43 جب کہ رحمت شاہ نے ناقابل شکست 72 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے پہلے پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، عبداللہ شفیق نے چھکا لگا کر رواں سال کا پاور پلے میں پہلا چھکا لگایا، پہلے چھکے کے بعد عبداللہ شفیق نے ہی دوسرا چھکا بھی لگا دیا۔ پاکستانی بیٹر نے پہلے نوین الحق اور پھر مجیب الرحمان کی گیند پر چھکا لگایا۔
امام الحق 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 58 رنز پر آئوٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بناکر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے نوجوان اسپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔