اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کل مدمقابل ہونگے۔

 

اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کل مدمقابل ہونگے۔

دبئی9 دسمبر ۔ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2023 میں دو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا اتوار کے روز مدمقابل ہونے والے ہیں۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اس ٹورنامنٹ کا آغاز نیپال کے خلاف 7 وکٹوں کی پراعتماد جیت سے کیا ہے جس میں 18 سالہ محمد ذیشان کی 19 رنز دے کر چھ وکٹوں اور بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف آٹھ گیندوں پر 20 رنز کی شاندار کارکردگی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا

ان کے علاوہ سعد بیگ اور اذان اویس کی سنچری پارٹنرشپ نے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔

محمد ذیشان کی یہ کارکردگی شاہین آفریدی ( 15 رنز دے کر 6وکٹ ) کے بعد انڈر 19 ون ڈے میں کسی بھی پاکستانی بولر کی دوسری بہترین بولنگ ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے آخری مرتبہ انڈیا انڈر 19 کے خلاف قاسم اکرم کی قیادت میں 2021 میں دو وکٹوں سے سنسنی خیز انداز میں کامیابی حاصل کی تھی جس میں محمد شہزاد 81 رنز بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی بنے تھے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا: ” تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر بولرز نے ذمہ داری سے بولنگ کی۔

کپتان سعد بیگ اور اذان اویس دونوں نے کنڈیشنز کو اچھی طرح سمجھتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان شراکت نے ہمیں آسانی سے ہدف تک پہنچادیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے محمد ذیشان کو پنچ ہٹر کے طور پر بھیجا اور انہوں نے خود کو ثابت کیا۔ ہم نے ہدف 26.2 اوورز میں حاصل کر لیا، جس سے ٹورنامنٹ کے شروع میں ہی ہمارا نیٹ رن ریٹ بڑھ گیا ۔تمام لڑکے کھیل پر مکمل توجہ رکھنے اور نظم و ضبط والے ہیں۔

کل کا میچ ہمارے لیے معمول کے کھیل کی طرح ہے۔ ہم دوسرے تمام کھیلوں کی طرح جیتنے کی کوشش کریں گے اور کارکردگی دکھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔”

محمد یوسف کہتے ہیں "ذیشان ایک غیرمعمولی ٹیلنٹ ہے، اس کا مضبوط جسم اور قد ہے، جو اس کی بہت مدد کرتا ہے۔

اس نے کل صحیح لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کی اور خود کو نہ صرف ایک اچھا بولر بلکہ ایک قابل بھروسہ بیٹر کے طور پر بھی ثابت کیا۔  اس سے ہماری ٹیم کو فائدہ ہوگا

 

 

تعارف: News Editor