جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ:پنجاب اور اسلام آباد ویمنز کے فائنل میں
اسلام آباد (نوازگوھر)
جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ کے فائنلز آج کھیلے جائیں گے،ویمنز کا فائنل پنجاب اور اسلام آباد اے کے درمیان ہوگا۔ مینز میں پنجاب نے اسلام آباد اے کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔
پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی جاری چیمپئن شپ میں گزشتہ روز ویمنز کے دونوں سیمی فائنلز کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں پنجاب نے سندھ کو 64-32سے شکست دی۔
ہاف ٹائم پر اسکور40-13 سے فاتح ٹیم کے حق میں تھا۔فاتح سائیڈ کے لئے خدیجہ مشتاق نے 17اور ایمن محمود نے16جبکہ سندھ کے لئے مریم نے10 اور اقصی نے9پوائنٹس اسکور کئے۔
دوسرے سیمی فائنل میں اسلام آباد اے نے اسلام آباد بی کو دل چسپ مقابلے کے بعد36-24سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔اسلام آباد اے کی جانب سے ماریہ نے12اور امانی نے 7جبکہ اسلام آباد بی کی جانب سے شانزے نے9اور شاہ بانو نے پانچ پوائنٹس اسکور کئے۔
مردوں کے پہلے سیمی فائنل میں پنجاب نے اسلام آباد اے کو 81-56کے اسکور سے با آسانی شکست دے دی۔ہاف ٹائم پر اسکور فاتح ٹیم کے حق میں 41-28تھا۔فاتح ٹیم کے لئے محمد تیمور نے22اور محمد سیف اللہ نے21پوائنٹس اسکور کئے
جبکہ اسلام آباد اے کی جانب سے علی کاظمی نے23اور محمد عثمان نے7پوائنٹس بنائے۔اس میچز کو محمد پریم شہزاد،معظم نوید راؤ،محمد مدثر،یاسر غفور،عمر محمود،عدیل ایس رضا،گل جمال،نوید احمد بیڈا اور سعادت جہانگیر نے سپر وائز کیا۔