دوسرا چار روزہ میچ : بنگلہ دیش اے نے پاکستان شاہینز کے خلاف 6 وکٹوں پر 346 رنز بنالیے۔
سیف حسن اور جاکر علی کی سنچریاں
اسلام آباد 22 اگست ؛ نوازگوھر
بنگلہ دیش اے نے جاکر علی اور سیف حسن کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان شاہینز کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 346 رنز بنالئے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب پہلے دو دن کھیل نہ ہونے کے بعد آج اسلام آباد کلب میں تیسرے دن پاکستان شاہینز کے کپتان کامران غلام نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش اے کو بیٹنگ دی ۔
آج 98 اوورز کے کھیل میں پاکستان شاہینز کے بولرز چھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن یہ دن جاکر علی اور سیف حسن کے نام رہا۔ 25 سالہ سیف حسن نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 8 ویں سنچری اسکور کی جبکہ 26 سالہ جاکر علی فرسٹ کلاس کرکٹ میں چوتھی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئےہیں ۔
سیف حسن نے جو 6 ٹیسٹ میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرچکے ہیں 165گیندوں پر 111 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔
انہوں نے جاکر علی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 241 گیندوں پر 131 رنز کا اضافہ کیا۔
جاکر علی نے 14چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے136 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے ۔
ماہید الاسلام نے 39 رنز بنائے۔ جاکر علی اور ماہیدالاسلام کی چھٹی وکٹ کی شراکت میں بھی 131 رنز بنے۔
غلام مدثر اور مہران ممتاز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔
دوسرے چار روزہ میچ کے بعد دونوں ٹیمیں 26 ۔ 28 اور 30 اگست کو اسلام آباد میں تین ون ڈے میچز کھیلیں گی۔
مختصراسکور۔ بنگلہ دیش اے پہلی اننگز 346 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 98 اوورز ) جاکر علی 136 ناٹ آؤٹ۔ سیف حسن 111 ۔ ماہید الاسلام 39 ۔ غلام مدثر 59 /2 وکٹ ۔مہران ممتاز 67 / 2 وکٹ۔