پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹی ٹوئنٹی میں 350 وکٹیں مکمل ہو گئیں۔
محمد عامر 350 ٹی ٹوئنٹی وکٹ لینے والے تیسرے پاکستانی بولر ہیں، قومی فاسٹ بولر نے آج کیریبئن پریمیئر لیگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔
فاسٹ بالر نے انٹیگا اینڈ باربادوا کی جانب سے گیانا کے خلاف 2 وکٹیں لیکر اپنی 350 وکٹیں مکمل کیں۔یاد رہے اس سے قبل پاکستان کے وہاب ریاض نے 413 اور سہیل تنویر نے 389 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
دوسری جانب محمد عامر سب سے زیادہ میڈن اوور کروانے والے دنیا کے تیسرے بالر بن گئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں محمد عامر کے میڈن اوور کی تعداد 25 ہوگئی ہے جب کہ بھارت کے بھونیشور کمار نے 24 میڈن اوور کرائے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 30 میڈن اوور کے ساتھ پہلے اور بنگلا دیش کے شکیب الحسن 26 اوور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ فاسٹ محمد عامر 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں انہوں نے 3 ماہ برطانیہ میں سزا بھی کاٹی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔تاہم پابندی لگانے والے جج نے اس قانون پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
محمد عامر پر عائد یہ پابندی 2015 میں ختم کردی گئی تھی۔