*انٹر ڈویژن سندھ بوائز ڈاج بال چیمپئن شپ 2024*
*حیدرآباد ڈگری کالج لطیف آباد میں کھیلوں کے فروغ کی کامیاب تقریب*
حیدرآباد(نمائندہ خصوصی-ریحان اکرم) انٹر ڈویژن سندھ بوائز ڈاج بال چیمپئن شپ 2024 کا انعقاد حیدرآباد ڈگری کالج لطیف آباد میں ہوا۔ تقریب میں معزز مہمانان اور شائقین نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کو بھرپور سراہا۔
اس چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی، رکن صوبائی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور نوجوانان و کھیل، راشد خان بھائ تھے، جنہوں نے کھیل کو نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی ورزش کے ساتھ ساتھ برائیوں سے بچنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ سندھ اولمپک کمیٹی حیدرآباد کے ایسوسی ایٹ جنرل سیکریٹری پرویز احمد شیخ نے بھی کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔
پاکستان پرائیویٹ اسکولز و کالجز ایسوسی ایشن حیدرآباد ریجن کے نائب صدر مرزا محمود بیگ نے نوجوانوں کو مبارکباد دی اور وعدہ کیا کہ اس کھیل کو مزید تعلیمی اداروں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔ بیورو آف کیروکلم کی ڈائریکٹر، میڈم نئیر عارف نے بھی اس نئے کھیل کے تجربے کو دلچسپ قرار دیا اور مسز ارم کا شکریہ ادا کیا۔
ثاقب شیخ نے اس کھیل کی تعریف کرتے ہوئے مسز ارم کو مزید پروگرامز کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اپنے ہوٹل کی سہولت بھی فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
جنرل سیکریٹری سندھ ڈاج بال ایسوسی ایشن عابد نعیم اور سلیم غوری نے راشد خان بھائ کو سندھ ڈاج بال ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی اور کھیل کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر گفتگو کی۔
آخر میں راشد خان بھائ نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کراچی، شہید بینظیر آباد اور حیدرآباد کو ٹرافیاں اور تمام کھلاڑیوں میں اسناد تقسیم کیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاج بال کے کھلاڑیوں کے لیے مناسب گراؤنڈز فراہم کیے جائیں اور کھیل کے فروغ کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔
تقریب کے اختتام پر مسز ارم نے تمام مہمانانِ گرامی، کھلاڑیوں، اور آفیشلز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس چیمپئن شپ کو حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں ڈاج بال کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔