ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ 2024 میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی
اسلام آباد: 11 دسمبر 2024: نوازگوھر
محمد ثاقب نے ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ 2024 میں انڈر 18 (52.2 کلوگرام) کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے پہلے ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے ساتھ محمود کمال نے -93 کلوگرام اور +93 کلوگرام کیٹیگریز میں دو کانسی کے تمغے جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
یہ چیمپئن شپ گلوبل ایسوسی ایشن آف مکسڈ مارشل آرٹس (GAMMA) کے زیر اہتمام جکارتہ، انڈونیشیا میں منعقد ہوئی، جس میں 63 ممالک کے 600 سے زائد کھلاڑی شریک ہوئے۔ محدود وسائل اور صرف چھ کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے صدر ظفر علی نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:
“یہ تاریخی کامیابی ہمارے کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مشکلات کے باوجود انہوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔”
انہوں نے حکومت سے کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور تربیت میں سرمایہ کاری کی اپیل کی تاکہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے ایم ایم اے اسٹارز کو مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا موقع ملے۔