2024 میں پاکستان کا تجرباتی سفر، 33 میچز میں 38 نئے چہروں کو آزمایا گیا

2024 میں پاکستان کا تجرباتی سفر، 33 میچز میں 38 نئے چہروں کو آزمایا گیا
پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2024 سے اب تک ٹی20 فارمیٹ میں جس انداز سے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا ہے، وہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
قومی ٹیم نے اس عرصے میں 33 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں حیران کن طور پر 38 مختلف کھلاڑیوں کو ڈیبیو کا موقع دیا گیا، جو کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے بعد اس فہرست میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے، جہاں 31 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 35 نئے چہروں کو قومی جرسی پہنانے کا موقع ملا۔
جنوبی افریقہ نے 23 میچز میں 31 کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جبکہ نیوزی لینڈ نے 27 میچز کے دوران 30 نئے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا۔
دوسری جانب بنگلادیش کا انداز نسبتاً محتاط رہا، جہاں 28 میچز کے دوران صرف 22 کرکٹرز کو آزمایا گیا۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان نے محض ایک سال کے عرصے میں 10 مختلف اوپننگ جوڑیاں بھی آزمائی ہیں، جو ٹیم میں مستقل مزاجی کے فقدان اور تجرباتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ریکارڈ اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آزمانے میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے، مگر یہ سوال بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ آیا اس کثرتِ تجربات سے ٹیم میں استحکام پیدا ہو رہا ہے یا بےیقینی بڑھ رہی ہے۔



