کرکٹ

پاکستان کی ٹی20 ٹیم میں اوپننگ کا بحران؟ سال بھر میں 10 جوڑیاں ناکام

پاکستان کی ٹی20 ٹیم میں اوپننگ کا بحران، سال بھر میں 10 جوڑیاں ناکام

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سال 2024 کے دوران ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں اوپننگ کمبینیشن کے حوالے سے مسلسل تجربات کیے لیکن اب تک کوئی بھی جوڑی توقعات پر پورا نہ اُتر سکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرین شرٹس نے رواں سال اب تک کھیلے گئے 33 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 10 مختلف اوپننگ پیئرز آزمائے۔

خاص طور پر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے بابراعظم اور محمد رضوان کی طویل عرصے سے آزمودہ جوڑی کو توڑ کر جارح مزاج اوپنرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان نے ان میچز میں اوپننگ کے لیے صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد حارث، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان اور عمیر بن یوسف جیسے کھلاڑیوں کو مختلف کمبینیشنز میں استعمال کیا، تاہم کوئی بھی پیئر لمبے عرصے تک کارگر ثابت نہ ہو سکا۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ میچز محمد رضوان اور صائم ایوب کی جوڑی کو دیے گئے، ان دونوں نے 11 میچز میں اوپننگ کی، لیکن وہ بھی محض 14 کی اوسط سے 157 رنز ہی بنا سکے۔

بابراعظم کے ساتھ رضوان اور حسن نواز کی جوڑیوں کو 5، 5 میچز میں آزمایا گیا جبکہ صائم اور بابر کو صرف 4 بار ایک ساتھ اوپننگ کا موقع دیا گیا۔

گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف میچ میں صائم ایوب اور فخر زمان نے پہلی بار بطور اوپنرز اننگز کا آغاز کیا، لیکن اس جوڑی سے بھی خاطر خواہ آغاز نہ مل سکا۔

اوپننگ میں مسلسل تبدیلیوں اور کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع نہ دینے پر سلیکشن کمیٹی کو شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیم کو عالمی ایونٹس سے قبل واضح اور مستحکم اوپننگ جوڑی کا تعین کرنا ہوگا تاکہ تسلسل اور ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!