پشاور میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن کے تحت بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا انعقاد
صوبےبھر کےکھلاڑیوں کی بھرپور شرکت رہی۔

پشاورمیں انٹرنیشنل تائیکوانڈوفیڈریشن کےتحت بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کاانعقاد،
صوبےبھر کےکھلاڑیوں کی بھرپور شرکت رہی۔
پشاور : غنی الرحمن ; خیبرپختونخوا کے مارشل آرٹس کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتے ہوئے، پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن (ITF) کے قوانین کے تحت صوبائی آئی ٹی ایف تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرد و خواتین، جونیئرز اور سینئرز کے لیے دو روزہ بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
ٹیسٹ میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجنوں کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے مختلف بیلٹس کے حصول کے لیے اپنی فنی مہارت، تکنیک اور جسمانی فٹنس کا مظاہرہ کیا۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو ان کے اگلے بیلٹ کی اسناد دی گئیں۔
تقریب کے اختتام پر ہونے والی خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ جنید خان تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ تائیکوانڈو جیسے مارشل آرٹس نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں اعتماد، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں بھی پیدا کرتے ہیں۔
آج کے نوجوان اگر ایسے مثبت میدانوں میں اپنی توانائیاں صرف کریں تو وہ نہ صرف اپنی ذات کو سنوار سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا بھی سرمایہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی آئی ٹی ایف تائیکوانڈو ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل فیڈریشن کے تحت جو باقاعدہ نظام اور تربیتی عمل متعارف کرایا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ایسی سرگرمیاں کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو منفی رجحانات سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔”
اس موقع پر صوبائی آئی ٹی ایف تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوید حبیبی نے کہاکہ ہماری ایسوسی ایشن انٹرنیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن (ITF) سے منظور شدہ ہے اور اس کے عالمی اصولوں کے مطابق کھلاڑیوں کی تربیت اور بیلٹ پروموشن کی سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔
بیلٹ پروموشن نہ صرف کھلاڑی کی موجودہ مہارت کا امتحان ہوتا ہے بلکہ یہ اسے نئے اہداف اور مراحل کی طرف لے جانے کا دروازہ بھی کھولتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بیلٹ ایک خاص مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے اور اس تک رسائی کے لیے کھلاڑی کو سخت تربیت، نظم و ضبط، اخلاقی بہتری اور عملی مہارت کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ یہی خوبیاں تائیکوانڈو کو ایک مکمل اور تعمیری کھیل بناتی ہیں۔
تقریب میں کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات، کوچز، والدین اور تائیکوانڈو شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی دعائیں دیں۔



