کرکٹ

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : بھارت کو سیمی فائنل میں پھر پاکستان کا سامنا

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : بھارت کو سیمی فائنل میں پھر پاکستان کا سامنا

برمنگھم: (ویب ڈیسک) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے مرحلے میں گرین شرٹس کے خلاف کھیلنے سے انکار کرنے والی بھارتی لیجنڈز کی ٹیم کا اب ایونٹ کے سیمی فائنل میں پھر پاکستان سے ٹاکرا ہوگا۔

انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے اہم میچ میں بھارتی چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

اس سے قبل منگل کے روز پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکے تھے، بھارت کی جیت کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔

اب ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم پاکستان اور ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود بھارت 31 جولائی کو آمنے سامنے آئیں گے، ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل اسی روز جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا منسوخ کر دیا گیا تھا، بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مطالبہ کیا گیا تھا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بنایا جائے، بھارتی کرکٹر شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کی مخالفت کی تھی۔

جس کے بعد ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو منسوخ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا بھارتی کھلاڑی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کرتے ہیں یا ایک بار پھر گرین شرٹس کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!