
پی ایف ایف وفد کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان فٹبال فیڈریشن پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں وفد نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیڈریشن کے امور حالیہ کامیابیوں اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی
اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرپرسن ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے کی پی ایف ایف کے صدر نے کمیٹی کو پاکستان قومی فٹبال ٹیم کی حالیہ کامیابیوں سے آگاہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی ٹرافی جیتنے کو پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے اہم اور حوصلہ افزا سنگ میل قرار دیا
کمیٹی نے قومی ٹیم کی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں فٹبال کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا سید محسن گیلانی نے بتایا کہ فیفا کی ہدایت پر انتخابات کے ذریعے تقریباً ایک سال قبل نئی قیادت کے آنے سے پہلے پی ایف ایف طویل عرصے تک غیر فعال رہی۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اپنے آئین اور ضوابط میں اصلاحات کر رہی ہے تاکہ انہیں فیفا کے تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ کیا جا سکے کمیٹی نے پی ایف ایف پر زور دیا کہ آئینی اور انتظامی اصلاحات کا عمل جلد مکمل کرکے ایک مضبوط اور پائیدار گورننس نظام قائم کیا جائے
پی ایف ایف صدر نے فٹبال کے بنیادی ڈھانچے اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ کو فیڈریشن کی اہم ترجیحات قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں گراؤنڈز اور فٹبال اکیڈمیوں کی بحالی پر کام جاری ہے،
جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کرکے انہیں قومی ترقیاتی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے کمیٹی نے پی ایف ایف کو صوبائی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے
اور حکومتی کھیلوں کے منصوبوں اور اقدامات میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی خصوصاً ایسے منصوبوں میں جو فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور ملک بھر میں کھیل کو مزید مقبول بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں



