کرکٹ

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: بھارت نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: بھارت نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا

برمنگھم: کرکٹ کی عالمی لیجنڈز چیمپئن شپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے شائقین کے لیے مایوس کن خبر ہے، بھارت نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف میدان میں اُترنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان شیکھر دھون نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ پاکستان کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیلیں گے۔ اگر بھارت سیمی فائنل سے دستبردار رہتا ہے تو پاکستان بغیر کھیلے فائنل میں جگہ بنا لے گا۔

ٹورنامنٹ کا یہ سیمی فائنل 31 جولائی کو برمنگھم میں شیڈول ہے جہاں گروپ اسٹیج کی ٹاپ ٹیم پاکستان اور چوتھے نمبر کی ٹیم بھارت کے درمیان مقابلہ ہونا تھا۔ تاہم بھارت کی جانب سے بائیکاٹ کی صورت میں ٹورنامنٹ کا توازن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ بھارتی لیجنڈز کو 145 رنز کا ہدف 14.1 اوورز کے اندر مکمل کرنا تھا تاکہ وہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرسکیں۔

اسٹورٹ بنی کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت بھارت نے مطلوبہ ہدف 13.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

قبل ازیں پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست بھی آ گئے۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ پہلے ہی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنا چکے تھے۔

واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے گروپ مرحلے میں بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے باعث وہ مقابلہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر سیاسی دباؤ کے باعث کھیل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں اسی روز آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

کرکٹ شائقین کو اب یہ دیکھنا ہوگا کہ بھارت کے انکار کے بعد ایونٹ کے قواعد کے مطابق پاکستان کو براہ راست فائنل میں رسائی دی جاتی ہے یا متبادل شیڈول ترتیب دیا جاتا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!