فیاض بخاری جیولن اصل کوچ نظر انداز، جب سفارش اور سیاست کارکردگی پر غالب آ جائے
تحریر: شاہد الحق


فیاض بخاری جیولن اصل کوچ نظر انداز، جب سفارش اور سیاست کارکردگی پر غالب آ جائے
تحریر: شاہد الحق
پاکستان کے اسپورٹس کے میدان میں ایک بار پھر میرٹ، محنت اور سچائی کو اقربا پروری، نااہلی اور سیاسی مفادات نے روند ڈالا ہے۔ اس بار معاملہ کسی عام کھلاڑی یا مقابلے کا نہیں بلکہ ایک ایسے کوچ کا ہے جس نے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کو تیار کیا۔
فیاض بخاری — وہ نام ہے جو ارشد ندیم کی جسمانی تربیت، تکنیکی ترقی اور بین الاقوامی معیار تک پہنچانے میں برسوں سے شب و روز محنت کرتا رہا۔ آج اسی کوچ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
ارشد ندیم کی اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں تاریخی کامیابیوں کے پیچھے یہی نام اصل محرک ہے، لیکن قومی اعزازات، حکومتی تعریف اور تقریبات سے اس کا ذکر تک غائب ہے۔
اس کے برعکس، سلیمان اقبال بٹ، جو کہ محض ایک کوآرڈینیٹر تھا اور ارشد ندیم کی کسی بھی مسلسل تکنیکی یا تربیتی ترقی کا حصہ نہیں رہا، اسے نہ صرف حکومت کی جانب سے مالی انعامات دیے گئے، بلکہ میڈیا میں بھرپور سراہا بھی گیا، اور باعزت سرکاری تقاریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر پیش کیا گیا۔
یہ سب کچھ اس وقت ممکن ہوا جب متعلقہ تمام ادارے جیسے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے تھے۔ اور سب سے زیادہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ارشد ندیم خود بھی مسلسل خاموش ہیں۔
یہ سوال اب کھڑا ہو چکا ہے کہ کیا پاکستان میں اعزازات صرف ان لوگوں کو دیے جاتے ہیں جن کے تعلقات مضبوط ہوں؟ کیا وہ کوچ جو گراؤنڈ میں پسینہ بہا کر چیمپئن بناتا ہے، اسے اس کے جائز حق سے محروم رکھا جائے گا
جبکہ محض دفتر میں بیٹھ کر فائلیں چلانے والا اعزازات سمیٹے گا؟ اگر آج ہم نے سچ کا ساتھ نہ دیا، تو کل ہر دیانتدار کوچ، ہر ٹرینر، اور ہر محنتی شخص یہ سوچے گا کہ پاکستان میں محنت نہیں، سفارش اور سیاسی تعلقات ہی سب کچھ ہیں۔
یہ وقت ہے کہ پاکستان کی اسپورٹس سے جُڑے تمام ادارے، بالخصوص پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن، وزارت کھیل اور پاکستان اسپورٹس بورڈ اس معاملے کا نوٹس لیں اور سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہیں۔
اگر اس ناانصافی کو اسی طرح دبا دیا گیا، تو اس سے نہ صرف ایک فرد بلکہ پورا نظام متاثر ہوگا، اور پاکستان کے اسپورٹس میں کام کرنے والے محنتی افراد کا اعتماد ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔
آخر میں، میری ایک سادہ مگر پُرزور اپیل ہے ارشد ندیم سے: آپ اب صرف ایک کھلاڑی نہیں، آپ لاکھوں نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ اس موقع پر آپ کی خاموشی تاریخ کا حصہ بنے گی۔
کیا آپ اس کوچ کے حق میں کھڑے ہوں گے جس نے آپ کو عالمی سطح پر پہنچایا؟ یا خاموش رہیں گے جب ایک جھوٹے بیانیے کے ذریعے آپ کے اصل کوچ کو مٹایا جا رہا ہے؟
فیاض بخاری اس ملک کی عزت، پرائیڈ آف پرفارمنس، اور قومی سلامی کے اصل حقدار ہیں — نہ کہ وہ شخص جو صرف کاغذی کارروائی کا حصہ رہا۔
مصنف کے بارے میں ملاحظہ کریں; شاہد الحق ایک تجربہ کار سینئر اسپورٹس جرنلسٹ، قومی ٹیموں کے فٹنس کوچ اور وقف شدہ اسپورٹس فلاحی کارکن ہیں۔ آپ اسپورٹس اینڈ فٹنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی و چیئرمین ہیں،
اور معروف یوٹیوب چینل SPOFIT کے میزبان ہیں، جو پاکستان کے کھیلوں کے مسائل، اصلاحات، اور گمنام ہیروز کی کہانیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ : YouTube.com/@SPOFIT ; ای میل: spofit@gmail.com ; رابطہ: +92 333 5522604



