کرکٹ

سنٹرل پنجاب ٹیپ بال کا قیام، ایڈووکیٹ وقاص صدیقی صدر منتخب

سنٹرل پنجاب ٹیپ بال کا قیام، ایڈووکیٹ وقاص صدیقی صدر منتخب

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ وقاص صدیقی سنٹرل پنجاب ٹیپ بال کے صدر منتخب ہوگئے۔ نومنتخب صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے اور وہ بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

ایڈووکیٹ وقاص صدیقی نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں تمام تر توجہ باڈی ممبران کی تشکیل پر مرکوز ہے اور بہت جلد باضابطہ پروگرام کے تحت عہدیداران کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا مقصد صرف میدان تک محدود نہیں بلکہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر مثبت راستے کی طرف لانا بھی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹیپ بال کو ایک باقاعدہ پلیٹ فارم ملا ہے اور دوستوں کے ساتھ مل کر اسے انٹرنیشنل سطح تک لے جایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میرٹ پر کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے گا اور باصلاحیت نوجوانوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے یہ پلیٹ فارم کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اپنے اسپورٹس پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے ایڈووکیٹ وقاص صدیقی نے بتایا کہ وہ ایک اسپورٹس گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر کھیل چکے ہیں، سافٹ بال سمیت راؤنڈرز گیمز میں حصہ لیا جبکہ کرکٹ میں بھی بطور بہترین کھلاڑی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ آنے والے دنوں میں سنٹرل پنجاب ٹیپ بال کا نام روشن ہوگا اور نوجوانوں کے لیے کامیابی کے نئے دروازے کھولے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!