
چوتھا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 لاہور میں اختتام پذیر

لاہور: چوتھا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میچ پاکستان نیوی اور ماڑی انرجیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نیوی فاتح قرار پائی، جبکہ ماڑی انرجیز اور پاکستان ایئر فورس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایک شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نیول چیف نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دی اور ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر کمانڈر سنٹرل پنجاب، پنجاب اسپورٹس بورڈ، پاکستان ہاکی فیڈریشن، مختلف اسپانسرز اور میڈیا کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹورنامنٹ قومی کھیل میں عوامی دلچسپی کو فروغ دے گا اور عوامی و نجی اداروں سے اس کے فروغ کے لیے مزید کا وشیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مہمان خصوصی نے جیتنے والی ٹیم اور بہترین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاک بحریہ کے زکریا حیات کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ ماڑی انرجیز کے احمد ندیم اور عبداللہ اشتیاق کو بالترتیب بہترین اسکورر اور بہترین گول کیپر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ دس روزہ ٹورنامنٹ 25 ستمبر تا 04 اکتوبر 2025 نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔
ان میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، ماڑی انرجیز، رینجرز، پولیس، پورٹ قاسم اور نیشنل بینک آف پاکستان شامل تھے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینا تھا جو گزشتہ دو دہائیوں سے زوال کا شکار ہے۔
میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سول و فوجی شخصیات، سابق اولمپینز، طلبہ اور عوام اسٹیڈیم میں موجود تھے۔



