
ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی کارنامہ، جنوبی قطب پہنچ گئیں
پاکستان کی نامور خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھا لیا ہے۔
گلگت سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ کامیابی کے ساتھ جنوبی قطب تک پہنچ گئی ہیں، جہاں انہوں نے اپنا سفر یونین گلیشیئر سے مکمل کیا۔
اس مہم سے متعلق ثمینہ بیگ کے بھائی اور معروف کوہ پیما مرزا علی نے بتایا کہ ثمینہ نے جنوبی قطب تک پہنچنے کے لیے اسکیئنگ روٹ کا انتخاب کیا، جو نہایت دشوار اور چیلنجنگ مرحلہ تصور کیا جاتا ہے۔
شدید سردی اور مشکل زمینی حالات کے باوجود انہوں نے یہ مرحلہ کامیابی سے طے کیا۔
مرزا علی کے مطابق جنوبی قطب پہنچنے پر ثمینہ بیگ نے پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا، جو ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ اس اقدام نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کیا۔
واضح رہے کہ ایکسپلورر گرینڈ سلیم مکمل کرنے کے لیے سیون سمٹس کے ساتھ ساتھ جنوبی اور شمالی قطب تک رسائی ضروری ہوتی ہے۔
ثمینہ بیگ پہلے ہی سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر چکی ہیں، اب اس تاریخی اعزاز کے لیے انہیں صرف شمالی قطب تک پہنچنا باقی ہے۔



