
کیوی آل راؤنڈر ڈوگ بریسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر ڈاوگ بریسویل نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے، جس کے بعد ان کا ایک طویل اور یادگار کیریئر اختتام کو پہنچ گیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ڈاوگ بریسویل نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈاوگ بریسویل نے اپنے کیریئر کے دوران نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس میں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے 28 ٹیسٹ میچز، 21 ایک روزہ بین الاقوامی اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی جرسی پہنی اور مختلف مواقع پر اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے ٹیم کو کامیابیاں دلائیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈاوگ بریسویل نے بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 915 رنز اسکور کیے، جب کہ گیند بازی میں 120 وکٹیں حاصل کر کے خود کو ایک کارآمد آل راؤنڈر کے طور پر منوایا۔
وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ، درست لائن لینتھ اور مشکل حالات میں ذمہ دارانہ کھیل کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ حلقوں میں ڈاوگ بریسویل کی ریٹائرمنٹ کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ان کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے اور ٹیم کے لیے ان کے کردار کو یاد رکھا جائے گا۔



